نئی دہلی،28جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) امریکی دباو کے پیش نظر ہندستان ایران سے تیل خریدنے میں تخفیف کرنے کی تیاری میں ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت تیل نے آئل ریفائنریز سے کہا ہے کہ وہ مشکل دور کیلئے تیار رہیں ۔ اس بات کا بھی اشارہ مل رہا ہے کہ ہندوسان نومبر سے ایران سے تیل امپورٹ نہیں کرے گا یا پھر اس میں کٹوتی کرے گا ۔
دراصل امریکہ نے ہندوستان اور چین سمیت سبھی ممالک سے ایران سے خام تیل کا چار نومبر تک امپورٹ بند کرنے کیلئے کہا ہے ۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہاں سے تیل امپورٹ کرنے والے ممالک کے خلاف اس نے اقتصادی پابندی لگانے کی دھمکی دی ہے۔
تاہم ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ذریعہ لگائی گئی پابندی کو تسلیم نہیں کرتا ہے اور صرف اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئیں پابندیوں پر عمل کرتا ہے۔ چین کے بعد ہندوستان ، ایران سے سب سے زیادہ تیل خریدتا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیل کی وزارت نے جمعرات کو ریفائنری کمپنیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں ایران سے تیل نہ خریدنے کی صورت میں متبادل کی تلاش کرنے کیلے کہا گیا ہے ۔ موجودہ حالات پر نظر رکھنے والے ایک سورس نے بتایا کہ ہندوستان نے کسی بھی صورتحال کیلئے آئل ریفائنری کمپنیوں کو تیار رہنے کیلئے کہا ہے ، کیونکہ ایسے حالات پیدا ہورہے ہیں کہ یا تو تیل امپورٹ کرنے میں کمی کی جائے گی یا پھر امپورٹ ہی نہیں کیا جائے گا۔